بھٹکل:8؍اگست(ایس اؤ نیوز) اپریل 2020میں منعقدہ ریاست کرناٹکا کے پی یو سی سال دوم کے سالانہ امتحانات میں انجمن پی یو کالج بھٹکل شعبہ سائنس کے متعلم عزیزی نغمان ابن محمد ناصر حنین نے بہترین کامیابی حاصل کرتےہوئے اردو مضمون میں 97فی صد کامیابی کے ساتھ پوری ریاست میں چوتھا رینک حاصل کرنے پر کرناٹکا اردو اکیڈمی بنگلورو کی طرف سے اعزاز دئیے جانےکی خبر پر کالج میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب میں انہیں انجمن انتظامیہ اور کالج کی طرف سے تہنیت کی گئی ۔
پی یو دوم سائنس کے طالب علم نغمان نے بہتر نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے جب کہ اردو مضمون میں انہوں نے100میں سے 97نمبرات حاصل کرتے ہوئے پوری ریاست میں چوتھا رینک حاصل کیا ہے۔ جس پر کرناٹکا اردو اکیڈمی بنگلورو نے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ستائشی خط بھیجتے ہوئے تہنیت کررہی ہے۔
انجمن پی یو کالج میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب میں پرچم کشائی کے بعد انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر محمد صادق پلور، ایڈیشنل جنرل سکریٹری و کالج بورڈ سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری ،عبد سمیع کولا،کالج پرنسپال محمد یوسف کولا اور نائب پرنسپال عبدالرحیم خان کی موجودگی میں متعلم نغما ن کی گل پوشی کرتے ہوئے تہنیت کی گئی ۔
اس موقع پر ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری نے اپنے خطاب میں متعلم نغمان کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے اردو زبان کی اہمیت اور ضرور ت پر روشنی ڈالی اور اردو زبان کو ترجیح دینے کی طرف توجہ دلائی ۔ تقریب میں پی یو کالج و ڈگری کالج کے پرنسپال ، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ وغیرہ حاضر تھے۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر محمد مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق سمیت عہدیداران ، ممبران ، اردو لکچرر عبدالرووف سونور و دیگر اساتذہ نےمتعلم نغمان کو مبارکبادی پیش کی ہے۔